بنگلورو،18؍دسمبر، (ایس او نیوز) ریاست کے وزیر مالگزاری آر وی دیش پانڈے نے آج ریاستی اسمبلی کو بتایا کہ کورگ سمیت سیلاب کی تباہی سے متاثر آٹھ اضلاع کے متاثرین کے بینک کھاتوں میں معاوضے کی رقم جمع کرادی گئی ہے۔ان متاثرین میں بیشتر کاشتکار شامل ہیں۔ کاشتکاروں کے علاوہ جن لوگوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا انہیں بھی معاوضہ دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی طر ف سے مرکز سے گزارش کی گئی تھی کہ متاثرین کی امداد کے لئے 722.06 کروڑ کی امداد فراہم کی جائے۔ اس میں سے مرکزی حکومت نے 546.21کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔ یہ ساری رقم متاثرین کے بینک کھاتوں میں جمع کرادی گئی ہے۔
آج اسمبلی میں بی جے پی رکن کے جی بوپیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ آٹھ اضلاع میں راحت کاری کے لئے قومی آفات سماوی فنڈ کے ضوابط کے تحت مرکزی حکومت سے امداد طلب کی گئی تھی، اس میں سے مرکز نے جو بھی امداد دی ہے مکمل رقم متاثرین کے کھاتوں میں جمع کرادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کورگ میں ہنگامی طور پر مرمت کے کاموں کے لئے 25کروڑ روپے ، مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے بنیادی انفرااسٹرکچر فراہم کرنے کے لئے 85کروڑ روپے دئے گئے ہیں۔
وزیر موصوف نے بتایاکہ کورگ ضلع میں سیلاب کی وجہ سے 302مقامات پر عوامی انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، ان تمام کی مرمت کا کام جاری ہے۔ مرکزی حکومت کے فنڈ کے علاوہ ریاستی عوام سے جو عطیے متاثرین کے لئے جمع کرائے گئے اس رقم کا استعمال بھی ضلع کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے کیاجارہاہے۔ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے راحت کاری کے لئے ضلع سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی کی نگرانی میں راحت کاری انجام دی جارہی ہے۔